پانچواں چولہا

 اپنے گزشتہ کالم میں مینجمنٹ اور ورک ، لائف بیلنس کے حوالے سے مشہور فور برنرز تھیوری پر بات کی تھی۔ اس تھیوری کے مطابق آپ کی زندگی سے چار چولہے یا برنر منسلک ہیں، انہیں آپ کے وجود ہی سے انرجی یا گیس ملتی ہے۔پہلا چولہافیملی(اہل خانہ)، دوسرا کیرئر، تیسرا صحت اور چوتھا دوست احباب۔ انسان کی زندگی کے یہ چار اہم ترین گوشے ہیں۔ اہم سوال یہ ہے کہ ان سب کو کس طرح بیلنس رکھنا ہے تاکہ کوئی اہم شعبہ نظرانداز نہ ہو۔ فور برنر تھیوری کے مطابق ہر کامیاب آدمی کو کم از کم ایک چولہے کو بند کرنا پڑتا ہے تاکہ اپنی انرجی دوسرے اہم شعبوں پر کھپا سکے، جبکہ غیر معمولی کامیاب ہونے کے لئے دو چولہے بجھانے پڑتے ہیں۔کئی ایسے جو دوستوں یا اہل خانہ کی قربانی دے اپنے کیرئر پر فوکس کرتے اور میدان مار لیتے ہیں۔بعض لوگ گھر سے دفتر اور دفتر سے گھر کی زندگی گزارتے ہیں، کام کاج پر توجہ اور باقی وقت بیوی بچوں کے لئے وقف۔کچھ لوگ یاریاں نبھاتے ہیں چاہے ان کی ملازمت یا کیرئر کا بیڑا غرق ہوجائے۔ 

  فور برنر تھیوری کے حوالے سے ماہرین مفید مشورے بھی دیتے ہیں۔ سب سے اہم یہ ہے کہ کچھ کام آﺅٹ سورس کر لئے جائیں۔ ایک فل ٹائم ڈرائیور آپ کی بہت سی توانائی بچا لے گا۔ بچوں کو سکول لے جانے ، واپس لے آنے سے لے کر سودا سلف منگوانے تک کی ذمہ داری بچ جائے گی، ٹریفک جام میں آپ آرام سے پیچھے بیٹھے ای میلز کا جواب دے لیتے ہیں، اہم فون کالز کر لی جاتی ہیں۔جز وقتی یا کل وقت ملازمہ رکھ لینے سے ملازمت کرنے والی خاتون کے لئے آسانی پیدا ہوجائے گی۔ 

 ایک مشورہ یہ دیا جاتا ہے کہ اپنے وقت کے بجائے توانائی کو درست استعمال کریں۔آن لائن یا فری لانس کام والے اس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ تب زیادہ کام کریں، جب جسمانی اور ذہنی طور پر مستعد محسوس کریں۔تین چار عشروں سے پاکستان کے بیسٹ سیلر مصنف مستنصر حسین تارڑ نے مجھے ایک بار بتایا تھا کہ انہوں نے لکھنے کو اپنی تخلیقی توانائی کے مطابق تقسیم کر رکھا ہے۔ صبح کو وہ پارک میں واک کے بعد چند گھنٹے لکھا کرتے ہیں، پھر تھوڑا بہت سہہ پہر میں۔ممتاز نقاد، مصنف ڈاکٹر جمیل جالبی کے بارے میں مشہور تھا کہ وہ نصف شب کے بعد یعنی ایک دو بجے اٹھ کر لکھنے پڑھنے کا کام کرتے ہیںتاکہ کوئی ڈسٹرب نہ کر سکے۔نوبیل انعام یافتہ ادیب گارشیا مارکیز کا کہناتھا کہ وہ صبح ناشتے کے بعد آٹھ نو بجے سے تین بجے سہہ پہر تک متواتر لکھتا ہے، باقی وقت اہل خانہ ، دوستوں کے لئے۔ جاپانی ادیب ہاروکی موراکامی بھی کچھ ایسے ہی بیان کرتے ہیں، صبح چھ گھنٹے کا تخلیقی کام، سہہ پہر کو کئی میل کی دوڑ یا گھنٹے بھر کی پیراکی۔ خوشونت سنگھ بھی صبح ٹینس کھیلنے یا سوئمنگ کے بعد لکھا کرتا تھا ، دوپہر کو کچھ قیلولہ اور پھر سہہ پہر میں تھوڑا کام، شام کو اپنے پینے پلانے کی محفل، دوستوں سے ملاقات، رات کو کھانے کے فوری بعد سو جانا۔ اس کا کہنا تھا کہ صبح کے وقت اس کی تخلیقی قوت جوش پر ہوتی ہے۔ 

 کام اور زندگی میں توازن لانے کے حوالے سے ایک تجویز یہ دی جاتی ہے کہ زندگی کے مختلف مراحل میں ان چولہوں کو تیز، دھیما کر لیا جائے۔ شادی سے پہلے تمام تر زور کیرئر پر لگایا جائے تاکہ مالی طور پر استحکام پیدا ہو۔ شادی کے بعد گھر والا چولہا کچھ تیز جبکہ باقیوں میں کمی لائی جائے۔ عمر گزرنے کے ساتھ ساتھ صحت والا شعبہ زیادہ اہم ہوجاتا ہے۔ تب ترجیح صحت بن جاتی ہے کہ زندہ رہیں گے تو باقی کام کاج نمٹا پائیں گے۔ آج کل کے حساب سے دوست احباب کے برنر میں سوشل میڈیا اور وہاں بننے والے فرینڈ بھی شمار کر لئے جائیں۔ کئی لوگ اپنے کسی اہم پراجیکٹ پر کام کرتے ہوئے فیس بک اکاﺅنٹ بند کر دیتے ہیں یا چند ماہ کے لئے سوشل میڈیا سے دوری اختیار کر لیتے ہیں تاکہ تمام فوکس کام اورپھر تھوڑا بہت گھر وغیرہ پر لگایا جائے۔ صورتحال اور اپنی ترجیحات کے مطابق شفلنگ کرنا مناسب حکمت عملی ہے۔ 

 یہاں پر اہم ترین سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ زندگی میں صرف یہ چار چولہے تو نہیں ہوتے؟ایک اور بہت اہم بلکہ مرکزی نوعیت کا برنر ایسا ہے جسے ان چاروں کے درمیاں میں ہونا چاہیے یا اس کا سائز بڑا ہو۔ وہ پانچواں چولہا یا برنر بندگی کا ہے۔ رب تعالیٰ کی بندگی ، اس کے بتائے ہوئے احکامات کے مطابق زندگی گزارنا۔ دلچسپ بات ہے کہ بیشتر مغربی ماہرین کے مواد میں صرف چار برنرز کا ذکر ملتا ہے یا کسی حد تک روحانی پہلو بھی آ جاتا ہے۔، روحانی پہلو بھی ایک مبہم اصطلاح ہے،ضروری نہیں اس کا دین سے تعلق ہو۔ روحانیت کا دعوے دار تو فری سیکس اور بہت سی متنازع تھیوریز کا بانی گورو رجنیش بھی تھا۔ یہ حضرت اپنی زندگی میں اتنے بدنام ہوگئے کہ ان کے پیروکاروں نے اپنے گرو کی موت کے بعد ایک نئے نام ”اوشو “سے اسے متعارف کرایا۔ مقصد یہی کہ گورورجنیش سے وابستہ بدنامی اور تنازعات کی گرد چھٹ جائے۔ ہمارے ہاں بھی اوشو کی کئی کتابیں ترجمہ ہوئی ہیں، کہیں کہیں کسی خوبصورت دلچسپ جملے کے سوا اس کی فکر میں کچھ نیا نہیں۔ تشکیک، لادینیت، یوگ، کچھ قدیم ہندو نظریات اور تبتی لاماﺅں کے افکار کا ملغوبہ ۔ یہی ایک اور ماڈرن جوگی بابا سدگرو کامعاملہ ہے۔ 

 پانچواں چولہا اس لئے اہم ہے کہ انسا ن کی وجہ تخلیق بھی یہی ہے۔ انسان دنیا میں صرف پیسے کمانے، دوستیاں نبھانے ،بیوی بچوں کی نازبرداری کرنے اورپہلوان بننے نہیں آیا۔ زندگی میں بہت سا پیسہ کمانے، وسیع حلقہ احباب اور خوش وخرم اہل خانہ رکھنے والے ، مثالی صحت کے حامل لوگ بھی ایک خاص مرحلے پر جا کر بے یقینی کا شکار ہوجاتے ہیں۔ تب احساس ہوتا ہے کہ یہ سب کچھ ایک خاص سطح کے بعد بے معنی، بے کار ، لاحاصل ہے۔جب زندگی کی ڈور کٹنے لگتی ہے تب اندازہ ہوتا ہے کہ زندگی بھر جو سمارٹ مینجمنٹ کی، ماہرین کے بتائے فارمولوں پر عمل کر کے جو حاصل کیا، اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ سب کچھ پا کر بھی کچھ نہیں ملا۔ کامیابیوں کے سکیل پر جتنے پوائنٹ حاصل کئے، وہ سب صفر جمع صفر برابر صفر ہیں۔ 

 حقیقت یہ ہے کہ اللہ نے انسان کو کسی اور مقصد کے لئے تخلیق کیا ۔ یہ دنیا ایک امتحان گاہ ہے، جہاں اس کی کارکردگی پر ہی ابدی زندگی میں اس کا مقام طے ہوگا۔ دنیا میں اچھا کرے گا تو روز آخرت اسے اچھا صلہ ملے گا۔خلق خداپر ظلم اور زیادتی کرنے والے اس دن بدترین انجام کو پا لیں گے۔خدا کے نافرمان، اللہ کے آخری پیغمبر ﷺ کے بتائے طریقے پر نہ چلنے والے روز آخرت بری طرح پچھتائیں گے۔ بار بار وہ منت کریں گے کہ ہمیں ایک موقعہ اور دیا جائے، اس بار ہم غیر معمولی پرفارمنس دیں گے۔ انہیں موقعہ نہیں ملے گا، انہوں نے اپنا چانس خود گنوایا ، اب کیسے شکوہ کر سکتے ہیں؟

 صاحبو ! اصل نکتہ یہی ہے کہ پوری کائنات کو روشن کردینے کی قوت رکھنے والے اس پانچویں چولہے کو ہم اپنی زندگی میں کتنی اہمیت دیتے ہیں؟اگر کوشش کر کے ہم اپنی زندگی کو رب کے بتائے طریقوں کے مطابق ڈھال لیں تو پھر زندگی کے باقی چولہے جلانا آسان ہوجاتا ہے۔ برکت کی صورت میں ایک بڑا شعلہ ساتھ شامل ہوجاتا ہے۔ کم وقت میں زیادہ کچھ حاصل ہوجاتا ہے۔ تب وقت ، صلاحیتوں ، توانائی ،تعلق، رشتوں غرض ہر چیز میں غیر محسوس انداز سے بہتری آ جاتی ہے۔ یہ رب تعالیٰ کی رحمت، برکت اور نعمت ہے، جس کے لئے دعا مانگنی چاہیے، عمل کو شیوہ بنانا چاہیے۔

 بندگی کا تصور دراصل پوری زندگی کو ایک بڑا اور ارفع مقصد عطا کر دیتا ہے۔ تب کامیابی، ناکامی کے پیمانے بھی بدل جاتے ہیں۔ دنیا کی مشکلات، کٹھنائیاں اور رکاوٹیں بھی زیادہ تکلیف دہ نہیں لگتیں۔ انسان کی توجہ اخروی نجات اور اس ابدی زندگی میں اعلیٰ مقام پانے پر مرکوز ہوجاتی ہے۔ اس جدوجہد کے نتیجے میں صرف آخرت نہیں بلکہ دنیا بھی سنورتی ہے، زندگی بھی آسان ہوجاتی ہے۔ جب مظلوم کی آہ نہ لی جائے، لوگوں کی زندگیوں میں آسانی پیدا کی جائے تب وہ سکون اور اطمینان نصیب ہوتا ہے جس کا مقابلہ زروجواہر کا پہاڑنہیں کر سکتا۔ 

 اللہ کے بتائے طریقہ پر اہل خانہ کے لئے رزق حلال کی جدوجہد عبادت بن جاتی ہے۔ عزیز اقارب کا خیال رکھنا صلہ رحمی جیسا خوبصورت فعل ہے۔ حرصِ طعام ختم ہوجائے تو خوراک گھٹ جاتی ہے، چربی کے تودے بھی گھل جاتے ہیں۔ اپنے رزق میں دوسروں کا رزق شامل کر لیا جائے، اپنی آمدنی کا ایک حصہ چیریٹی پر خرچ کیا جائے تو یہ ممکن نہیں کہ آمدنی میں اضافہ نہ ہو۔ماں باپ کی دل سے خدمت کی جائے توآدمی کی اپنی اولاد بھی رب کے حکم پر فرماں بردار ہوجاتی ہے۔ میں نے اپنی زندگی میں بے شمار ایسے لوگوں کو دیکھا جنہوں نے اپنے بوڑھے والدین کی خدمت کی اور پھرجب ان میں توانائی نہ رہی، تب اپنے بچوں سے ویسی محبت ملی۔ اپنی زندگی کو اللہ سے جوڑنے والے، اس کی رضا میں راضی ہوجانے والوں کو آخری وقت مطمئن اور آسودہ ہی پایا۔ 

 مزے کی بات ہے کہ اس پانچویں چولہے کو جلانے کے لئے باقیوں کو بجھانانہیں پڑتا۔ پانچواں چولہا البتہ باقی چاروں پر مثبت انداز میں اثرانداز ہوتا ہے، ان چارو ں کا شعلہ بڑھتا ہے ، کم نہیں ہوتا۔

تحریر:  عامر خاکوانی


جلی ہوئی روٹی

 انڈیا کے سابق صدر ابوالکلام اپنے بچپن کا واقعہ بیان کرتے ہیں کہ ان کی والدہ ملازمت بھی کرتی تھیں اور گھر کا کام کاج بھی وہی کرتی تھیں ۔

ایک رات کھانے کے وقت انہوں نے سالن اور جلی ہوئی روٹی میرے والد کے آگے رکھی ۔ میں والد کے رد عمل کا انتظار کرتا رہا کہ شاید وہ غصہ کا اظہار کریں مگر انہوں نے انتہائی سکون سے کھانا کھایا اور پھر مجھ سے دریافت کیا کہ آج سکول میں میرا دن کیسا گزرا ۔ مجھے یاد نہیں کہ میں نے کیا جواب دیا لیکن اسی اثنا میں میری والدہ نے روٹی جل جانے کی معذرت کی ۔ مگر میرے والد نے کہا کہ ان کو یہ روٹی کھا کر لطف آیا ۔ اسی رات اپنے والد کو شب بخیر کہنے میں ان کے کمرے میں گیا تو ان سے سوال کیا کہ کیا واقعی انہیں جلی روٹی کھا کر لطف آیا ؟ انہوں نے پیار سے مجھے اپنے بازؤں میں بھر لیا اور جواب دیا کہ تمہاری والدہ نے ایک پرمشقت دن گزارا اور پھر تھکنے کے باوجود گھر آکر ہمارے لئے کھانا بھی تیار کیا ۔۔۔۔۔ ایک جلی ہوئی روٹی کچھ نقصان نہیں پہنچاتی مگر تلخ ردعمل اور بد زبانی جذبات کو مجروح کرتی ہے ۔

میرے بچے! زندگی بے شمار ناپسندیدہ اشیا اور شخصیات سے بھری ہوئی ہے۔ میں بھی کوئی بہترین یا مکمل انسان نہیں ہوں اور یہ سمجھتا ہوں کہ ہمارے ارد گرد لوگ اور عزیز واقربا بھی غلطی کر سکتے ہیں ۔ لہذا ایک دوسرے کی غلطیوں کو درگزر کرنا، رشتوں کو بخوبی نبھانا اعلی ظرفی کا مظاہرہ کرنا ہی تعلقات میں بہتری کا سبب بنتا ہے ۔ زندگی اتنی مختصر ہے کہ اس میں معذرت اور پچھتاووں کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہئے۔


اچھا دوست


 

تابعدار ملازم


 

سائیکل


 مجھے سائیکل تین وجوہات پر بہت پسند ہے. پہلی وجہ بتاوں تو اس نے مجھے ابتدائی شعور کے تین سبق دئے تھے. مجھے بچپن میں بھی سائکل پسند تھی. میں کسی سے سائکل مانگتا تو وہ پوچھتا تمہیں چلانا آتی ہے.؟ میں کہتا نہیں آتی. اس جواب پر مجھے وہ اپنی سائکل نہیں دیتا. تب مجھے سمجھ آئی اپنا شوق پورا کرنے کیلئے یا تو خود کی چیز ہو ورنہ دوسرے کی تسلی کیلئے کوئی سرٹیفکیٹ ہو.

ابو جی کی منت سماجت کر کے آخر سائیکل خرید ہی لی. وہ زندگی کا ایک یادگار دن تھا. میرے دوستو نے پیچھے سائکل کیریئر پکڑا اور میں سائیکل پر بیٹھ گیا. اب میں سائکل چلا رہا تھا وہ کیریئر پکڑ کر دوڑ رہے تھے. ابو جی سے لے کر ان دوستو نے سمجھایا زندگی میں یہ کچھ رشتے ہی ہوتے ہیں جو آپ کو سٹیرنگ وہیل پر بٹھاتے ہیں. یہ بے لوث رشتے بڑے قیمتی ہوتے ہیں.

کیریئر پکڑے دوستو کو میں بار بار کہتا کیریئر نہ چھوڑنا وہ مجھے کہتے آگے دیکھ ہم نے پکڑا ہوا ہے. تمہیں گرنے نہیں دیں گے. میری مکمل توجہ کنٹرول پر ہوگئی. پیڈل کا ردھم بنا رفتار کچھ تیز ہوئی. ڈگمگاتی سائیکل اب سیدھی چل رہی تھی. میں نے فخر سے پیچھے آواز لگائی اور تیز دھکا نہ دو. دوسری بار آواز دی تو کافی پیچھے سے آواز آئی ہم چھوڑ چکے ہیں. میں کچھ گھبرایا سائیکل کچھ ڈگمگا سی گئی. لیکن گرنے کے خوف نے توازن حاصل کر ہی لیا.

مجھے تیسرا سبق ملا. سفر اپنے اعتماد کا ہی ہوتا ہے. کوئی ہر وقت آپکا کیریئر پکڑ کر آپ کے ساتھ دوڑ نہیں سکتا.۔۔۔

میں ڈاکو ضرور آں پر بےغيرت نہیں آں


مولانا محمد امین صفدر اوکاڑوی رحمۃ الله علیہ نےاپنی کتاب میں لکھا، فرماتے ہیں:مجھے وہاڑی کے ایک گاؤں سے بڑا محبت بھرا خط لکھا گیا کہ مولانا صاحب ہمارے گاؤں میں آج تک سیرة النبى صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر بیان نہیں ہوا۔

ہمارا بہت دل کرتا ہے، آپ ہمیں وقت عنایت فرما دیں ہم تیاری کر لیں گے۔

میں نے محبت بھرے جزبات دیکھ کر خط لکھ دیا کہ فلاں تاریخ کو میں حاضر ہو جاؤں گا۔

دیے گئے وقت پر میں فقیر ٹرین پر سے اتر کر تانگہ پر بیٹھ کر گاؤں پہنچ گیا تو آگے میزبانوں نے مجھے ھدیہ پیش کرکے کہا

مولانا صاحب آپ جا سکتے ہیں، ہم بیان نہیں کروانا چاہتے۔ وجہ پوچھی تو بتایا کہ ہمارے گاؤں میں %90 قادیانی ہیں وہ ہمیں دھمکیاں دیتے ہیں کہ نہ تو تمہاری عزتیں نہ مال نہ گھربار محفوظ رہیں گے۔ اگر سیرة النبى (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) پر بیان

کروایا تو۔

مولانا ہم کمزور ہیں، غریب ہیں، تعداد میں بھی کم ہیں، اس لیے ہم نہیں کرسکتے۔

میں نے لفافہ واپس کر دیا اور کہا

بات تمہاری ہوتی یا میری ہوتی تو واپس چلا جاتا۔ بات مدینے والے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عزت کی آگئی ہے۔ اب بیان ہوگا ضرور ہوگا۔

وہ گھبرا گئے کہ حضرت آپ تو چلے جائیں گے مسئلہ تو ہمارے لیے ہوگا۔

میں نے کہا،

"اس گاؤں کے آس پاس کوئی ڈنڈے والا یعنی بااثر یا غنڈہ ہے؟"

انہوں نے بتایا کہ گاؤں سے کچھ دُور نُورا ڈاکو رہتا ہے ! پُورا علاقہ اس سے ڈرتا ہے۔

میں نے کہا چلو مجھے لے چلو نُورے کے پاس

جب ہم نورے کے ڈیرے پر پہنچے دیکھ کر نورا بولا اج خیر اے! مولوی کیویں آگئے نے؟

میں نے کہا کہ

بات حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عزت کی آگئی ہے تم کچھ کرو گے؟

میری بات سن کر نورا بجلی کی طرح کھڑا ہوا اور بولا،

"میں ڈاکو ضرور آں پر بےغيرت نہیں آں۔"

وہ ہمیں لے کرچل نکلا

مسجد میں 3 گھنٹے بیان کیا میں نے۔ اور نورا ڈٹ کر کھڑا رہا۔

آخر میں نورے نے یہ کہا

کہ اگر کسی نےمسلمانوں کی طرف آنکھ اٹھا کر بھی دیکھا تو نورے سے بچ نہیں سکے گا۔

میں واپس آگیا

کچھ ماہ بعد میرے گھر پر ایک آدمی آیا

سر پر عمامہ، چہرے پرداڑھی، زبان پر درود پاک کا ورد ۔۔۔!

میں نے پوچھا، "کون ہو..؟ "

وہ رو کر بولا،

"مولانا …میں نورا ڈاکو آں۔

جب اس دن میں واپس گھر کو لوٹا جا کر سو گیا.آنکھ لگی ہی تھی۔ پیارے مصطفٰی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میرے خواب میں تشریف لائے۔میرا ماتھا چوما اور فرمایا،

"آج تو نے میری عزت پر پہرہ دیا ہے، میں اور میرا اللہ تم سے خوش ہوگئے ہیں۔

اللہ نے تیرے پچھلے سب گناہ معاف فرما دیئے ہیں."

مولانا صاحب اس کے بعد میری آنکھ کھلی تو سب کچھ بدل چکا تھا اب تو ہر وقت آنکھوں سے آنسو ہی خشک نہیں ہوتے مولانا صاحب میں آپ کاشکریہ ادا کرنے آیا ہوں آپ کی وجہ سے تو میری زندگی ہی بدل گئی میری آخرت سنور گئی ہے۔۔۔۔۔۔۔

نیا سال 2021


 کچھ خوشیاں، کچھ آنسو دے کر ٹال گیا

جیون کا اک اور سنہرا سال گیا

2021